مینگلورو، 8 / اگست (ایس او نیوز) سٹی پولیس نے کمشنریٹ حدود میں موٹر وھیکل ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرنے والے 170 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کی درخواست ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او) کو بھیجی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ جن لوگوں کے ڈرائیونگ لائسنس رد کرنے کی درخواست آر ٹی او کو بھیجی گئی ہے ان میں حادثوں کا سبب بننے والے 24 ، تیز رفتاری اور بے پروائی سے ڈرائیونگ 12، پاسنجر ٹرانسپورٹ 11، ڈرائیونگ کے وقت موبائل فون کا استعمال 5 ، لال سگنل توڑنا 7 ، دو پہیہ گاڑی پر تین لوگوں کی سواری 3 ، بغیر ہیلمیٹ کے سواری 95 اور سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ کے 13 معاملے شامل ہیں ۔
سٹی پولیس کمشنر کلدیپ جین نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی13 سے 26 جولائی تک کے عرصہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والے 222 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کی درخواست آر ٹی او کو بھیجی جا چکی ہے ۔